برمنگھم (جیوڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دسویں اور گروپ اے کے آخری میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کوڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، جس کے بعد اس گروپ سے بنگلا دیش سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔
برمنگھم کے ایجیسٹن کرکٹ گرائونڈ پر انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں پر 277رنزبنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 278رنز کا ہدف دیا۔
انگلش ٹیم نے اپنی اتبدائی 3وکٹیں صرف 35کے اسکور پر گنوادیں، جس کے بعد بین اسٹوکس اور اوئن مورگن نے ذمہ دارانہ انداز اپناتے ہوئے159رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کا رخ ہی بدل دیا۔
انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 194 کے مجموعے پر گری،آؤٹ ہونے والے اوئن مورگن 81گیندوں پر 5چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے 87رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔
دوسرے اینڈ پر موجود بین اسٹوکس نےنئے آنے والےبیٹسمین جوس بٹلر کے ساتھ کھیل کو تیزی سے آگے بڑھایااور 41اعشاریہ 2اوورز میں اسکور240رنز تک پہنچا دیا تھا کہ بارش ہوگئی۔
اس سے قبل اسٹوکس نے 13چوکوںاور 2چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی،وہ 102رنز پر ناٹ آؤٹ جبکہ جوس بٹلر 29رنز پر ناقابل شکست رہے۔
آسٹریلیا کی طرف ہیزل ووڈ نے روٹ اور ہیلز کی اہم وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ جیسن روئے کو مچل اسٹارک نے پویلین کی راہ دکھائی۔
میچ بارش کے باعث دوبارہ روک دیا گیا، مسلسل بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلش ٹیم کو 40رنز سے فاتح قرار دیا گیا ۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے 9وکٹ کے نقصان پر 278رنز کا ہدف سیٹ کیا، ٹریوس ہیڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 71 رنزناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی طرف سے عادل رشید اور ووڈ نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک آسٹریلوی کھلاڑی کو اسٹوکس نے پویلین بھیجا۔
گروپ اے کے آخری میچ میں آسٹریلیا کی فتح سے اس کی سیمی فائنل تک رسائی آسان ہوجاتی ،لیکن شکست نے بنگلادیش کو ایونٹ کے ٹاپ 4ٹیموں میں شامل کرادیا ہے،جس نے ایونٹ میں گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف واحد فتح سمیٹی تھی۔