برمنگھم (جیوڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا میچ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے شروع ہو گا۔ ٹیم پاکستان کو اپنے کپتان سرفراز پر بڑا مان ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کے ستر ون ڈے میچوں میں ایک ہزار پانچ سو اڑسٹھ رنز ہیں جبکہ دو تگڑے سینکڑے اور چھ ففٹیز بھی انکی ریکارڈ بُک میں شامل ہیں۔ بابر اعظم بھی پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن کی جان ہیں۔
نوجوان بلے باز نے چھبیس میچوں میں ایک ہزار تین سو بائیس رنز جوڑے۔ نوے اعشاریہ دو تین کے اسٹرائیک سے کھیلنے والے بابر اعظم نے پانچ سنچریز اور چھ ففٹیز بھی بنا رکھی ہیں۔ بولنگ کی دھار اور رفتار سے بیٹسمین کو مشکلات سے دوچار کرنے والے محمد عامر کا کم بیک شاندار ہے۔ عامر بتیس ون ڈے میچوں میں وکٹوں کی ففٹی مکمل کر چکے ہیں۔ اٹھائیس رنز کے عوض چار شکار ان کی بہترین بولنگ ہے۔
بھارتی کیمپ کے قائد ویرات کوہلی اپنی ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مثال ہیں۔ ایک سو اناسی میچوں میں سات ہزار سات سو پچپن رنز بنائے۔ ستائیس سنچریز اور انتالیس نصف سنچریز بھی ان کی پرفارمنس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بائیں ہاتھ کے جارحانہ اوپنر شیکھر دھون بھی بھارتی ٹیم کا مہرہ ہیں۔
چھہتر میچوں میں تین ہزار نوے رنز جوڑ چکے ہیں۔ نو سینکڑے اور سترہ ہاف سنچریز ان کی ریکارڈ بُک میں درج ہیں۔ ستائیس سالہ بھونشوار کمار بولنگ میں خاص نام رکھتے ہیں، انسٹھ ون ڈیز میں ان کی اکسٹھ وکٹیں ہیں جبکہ آٹھ رنز دے کر چار شکار کرنا ان کا بڑا کارنامہ ہے۔