چیمپئنز ٹرافی ہاکی : فائنل میں جرمنی نے پاکستان کو شکست دیدی

Pak vs Germany

Pak vs Germany

بھوبنیشور (جیوڈیسک) بھوبنیشور میں کھیلے گئے فائنل کا پہلا کوارٹر جرمن ٹیم کے نام رہا جس نے ابتدا سے ہی پاکستانی ٹیم پر دباؤ رکھا، اس دوران جرمنی کی ٹیم کو ایک پنالٹی کارنر بھی ملا مگر اُس پر گول نہیں بنا۔

اس کے علاوہ جرمن کھلاڑیوں نے کئی مووز بھی بنائیں لیکن پاکستانی دفاعی کھلاڑیوں کے اچھے کھیل نے ٹیم کو خسارے میں نہیں جانے دیا۔ دوسرے کوارٹر کا آغاز بھی جرمنی نے تیز رفتاری سے کیا اور پہلے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کرلیا ، لیکن اس پر حریف ٹیم برتری نہ لے سکی۔

صرف دو منٹ بعد ایک موو پر جرمنی کے ویزلے نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی، سبقت کے بعد بھی جرمن ٹیم نے پاکستانی گول پر وقفے وقفے سے حملے جاری رکھے۔ اس ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑی دباؤ میں رہے اور کوئی خطرنا ک موو نہ بناسکے، یہ کوارٹر ایک صفر سے جرمنی کی سبقت پر ختم ہوا۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی بار حریف کے گول پر حملہ آور ہوئے بھی ہوئے اور ٹرائیاں بھی کیں لیکن گول نہ ہوسکا۔ چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے تیز رفتار کھیل دیکھنے میں آیا، اس ہاف میں گرین شرٹس کمبائنڈ ہوکر کھیلے اور زیادہ حملے بھی کیے مگر وہ ملنے والے مواقع کو گول میں تبدیل نہ کرسکے۔

دوسری جانب جرمنی نے کھیل کے آخری لمحات میں ملنے والے موقع کا فائدہ اُٹھایا اور فُش نے گول کرکے ٹیم کو دوصفر سے فتح دلادی، پاکستان نے پنالٹی کارنر بھی حاصل کیا لیکن وہ بھی بے سود رہا، 16 سال بعد پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی جبکہ جرمنی نے سات سال بعد ٹائٹل جیتا۔