بھوبنیشور (جیوڈیسک) بھارت میں جاری چیمپیئنز ٹرافی ہاکی کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ہالینڈ کو 4 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
بھارت کے شہر بھو بنیشور میں جاری چیمپینز ٹرافی کے کواٹر فائنل میں گرین شرٹس نے شروع سے ہی ڈچ ٹیم پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے، کھیل کے آٹھویں منٹ میں ہالینڈ نے پہلا گول داغ کر گرین شرٹس پر سبقت حاصل کی لیکن کھیل کے 16ویں منٹ میں محمد عرفان نے گول کر کے حساب چکتا کردیا، ایک موقع پر میچ 2،2 گول سے برابر ہو گیا تھا تاہم کھیل کے آخری لمحات میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 2 گول داغ کر مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان محمد عمران اور عمر بھٹہ نے ایک ایک جب کہ محمد عرفان نے 2 گول اسکور کئے۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم جذبے سے کھیلی اور جیت گئی، بھارتی عوام نے بہت سپورٹ کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ قومی ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ میں نے ٹورنامنٹ سے قبل اپنے بیان میں قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ہم ابتدائی 4 ٹیموں میں شامل ہو ں گے اور آج ہم نے اس وعدے کو پورا کر کے دکھا دیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو اپنے تینوں ابتدائی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پہلے میچ میں پاکستان کو بیلجیئم نے دوسرے میں انگلینڈ نے ا ور تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے شکست دی تھی۔