بریڈا (جیوڈیسک) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی تیاریوں کا پول کھل گیا، بھارت نے پاکستان کے خلاف یک طرفہ مقابلے میں 0-4 سے کامیابی سمیٹ لی۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی کوچز کی بھرمار بھی ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی میچ میں پاکستانی ٹیم کی شکست نہ ٹال سکی، بھارت نے صفر کے مقابلے میں 4 گول سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا، ہالینڈ کے شہر بریڈا میں ہونے والے اس میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، 31ویں منٹ میں بھارتی ٹیم رمن دیپ سنگھ کے ذریعے پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو گئی، بعد ازاں دونوں ٹیموں 24 منٹ میں بھر پور کوشش کے باوجود گیند کو جال کے اندر نہ پھینک سکیں۔
آخری 6 منٹ میں بھارتی ٹیم انتہائی خطرناک موڈ میں دکھائی دی اور اس نے یکے بعد دیگرے 3 گولز کرکے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔ بھارتی ٹیم کی طرف سے دلپریت سنگھ نے فیلڈ گول کے ذریعے اپنی ٹیم کی برتری دوگنا کر دی،صرف 3 منٹ کے بعد مندیپ سنگھ نے بھارتی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی، آخری منٹ میں للت نے بھارتی ٹیم کی طرف سے چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کی۔