بھارت (جیوڈیسک) دو ہزار دو کی چیمپئینز ٹرافی کے مشترکہ فاتح ایک بار پھر مد مقابل ہیں۔ اس بار کارڈف میں بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں ٹکرائیں گی۔ وارم اپ میچ میں بھارت سری لنکا کو شکست کا مزہ چکھا چکا ہے۔ بھارت اور سری لنکا کے درمیان مجموعی طور پر ایک سو انتالیس میچز ہوچکے ہیں۔ بھارت نے پجہتر اور سری لنکا نے باون میں کامیابی حاصل کی۔
انگلینڈ میں دونوں ٹیمیں چھٹی مرتبہ مدمقابل ہیں۔ بھارت کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے انہیں فائنل کے لئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ بھارت نے ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیلے اور ناقابل شکست رہے۔ بھارت نے ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور پاکستان کو زیر کیا۔ ادھر سری لنکا بھی ٹورنامنٹ کی خطرناک ٹیموں میں سے ایک ہے۔ سری لنکا نے تین میچز کھیلے اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت اور سری لنکا نے گزشتہ پانچ سال میں ایک دوسرے کے خلاف سب سے زیادہ ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ اس لئے دونوں ایشیائی ٹیمیں ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ بھارت کی نمایاں خوبی ان کی مضبوط بیٹنگ ہے جبکہ ان کی بولنگ میں بھی بہتری آرہی ہے۔ ادھر سری لنکن ٹیم کھیل کے تینوں شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں۔ مقابلہ کانٹے کا ہوگا۔
سیمی فائنل کے لئے دونوں ٹیمیں میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ میچ بارش سے بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ بارش کے سبب میچ نہ ہونے کی صورت میں گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر رہنے والی بھارتی ٹیم فائنل کے لئے کوالیفائی کرجائے گی۔