لاہور (جیوڈیسک) ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے قومی ٹیم کل واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہوگی۔ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں لگایا گیا تھا ، لیکن دو روز سے کھلاڑی ابھی اپنے گھروں میں ہیں۔
منگل کو تمام کھلاڑی نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور اکٹھے ہوں گے جہاں سے اٹھارہ کھلاڑی اور چھے آفیشلز کا دستہ واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کا میلہ چھ دسمبر سے بھارتی شہر بھوبنیشور میں سجے گا۔
افتتاحی روز پاکستان کا پہلا میچ بلجیئم سے ہے۔ قومی ٹیم کے پول میں شامل دیگر ٹیموں میں آسٹریلیا اور انگلینڈ ہے۔ دو سال پہلے آسٹریلیا میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔