برمنگھم (جیوڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل آج بنگال ٹائیگرز اور فیورٹ بھارتی ٹیم کے درمیان برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستان وقت کے مطابق سہ پہر اڑھائی بجے شروع ہو گا۔
گروپ بی میں کوہلی الیون نے تین میں سے دو میچ جیت کر ٹاپ کیا تھا جبکہ گروپ اے میں بنگلہ دیش ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔ بنگالی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہاری، نیوزی لینڈ سے جیتی اور بارش کے باعث آسٹریلیا سے میچ برابر رہا۔ باہمی ون ڈے میچز میں بنگلہ دیش کے خلاف بھارت کا پلڑا بھاری ہے۔
بتیس میں سے چھبیس مقابلے بھارت نے جیتے جبکہ پانچ میں فتح بنگلہ دیش کے حصے میں آئی۔ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا اٹھارہ جون کو فائنل میں پاکستان سے مقابلہ ہو گا۔