پاکستان (جیوڈیسک) اوول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اوول میں کھیلے جارہے میچ کیلئے پاکستان ٹیم عمران فرحت، ناصر جمشید، محمد حفیظ ، اسد شفیق، مصباح الحق، شعیب ملک، کامران اکمل، سعید اجمل، وہاب ریاض، جنید خان اور محمد عرفان پر مشتمل ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کرس گیل، جانسن چارلس، ڈیرین براوو، مارلن سیموئیلز، رام نریش سراوان، ڈیوائن براوو، کیرون پولارڈ، دنیش رامدین، سنیل نارائن، روی رامپال اور کیمر روچ شامل ہیں۔
گرین شرٹس کے سعید اجمل اور ویسٹ انڈیز کے اسپنر سنیل نارائن اپنی ٹیموں کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کرس گیل، پولارڈ اور مارلن سیموئلز کو خطرناک بیٹسمین قرار دیا جا رہا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے پاس محدود اوورز کے ایک سے بڑھ کر ایک کھلاڑی ہیں۔ کرس گیل کی دھواں دار بیٹنگ کے پاکستان میں لاکھوں مداح ہیں۔ مصباح الحق پر امید ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم شائقین کی توقعات پر پورا اترے گی۔
ان کی رائے میں ابتدائی دو میچ اہم ہوں گے لیکن ہر حریف کو مشکل سمجھتے ہیں اور ایک گروپ میں چار ٹیمیں ہونے کی وجہ سے ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ اس لئے ہم کسی مرحلے پر ریلیکس نہیں کریں گے۔ ویسٹ انڈیز کی اوول گرانڈ سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔
2004 میں اسی گرانڈ میں اندھیرے میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ہرا کر چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا تھا۔ چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ایک وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے شکست دی۔ جبکہ اس نے سری لنکا کو برمنگھم میں17 رنز سے ہرایا۔