موقع دیا جائے تو صرف 6 ماہ میں پاکستان کرکٹ کی تقدیر بدل سکتا ہوں، میانداد

Miandad

Miandad

لاہور (جیوڈیسک) سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ موقع دیا جائے تو صرف 6 ماہ میں پاکستان کرکٹ کی تقدیر بدل سکتا ہوں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پی سی بی کا ڈائریکٹر جنرل تھا تب بھی چیئرمین کو پلان دیا لیکن کوئی غور نہیں کیا گیا، ماضی میں نوجوان کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں سینئرز سے سیکھتے تھے لیکن اب مسئلہ یہ ہے کہ سینئر پلیئرز کو خود سیکھنے کی ضرورت ہے۔

پی سی بی کو اپنی کمائی کا زیادہ حصہ ڈومیسٹک کرکٹرز پر خرچ کر کے انھیں مالی لحاظ سے آسودہ کرنا چاہیے لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی،انھوں نے کہا کہ ماضی میں اسکول اور کالج کرکٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا تھا۔

تاہم اب ہم ریجنز پر حد سے زیادہ انحصار کر رہے ہیں، دوسری جانب انگلش کاؤنٹیز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل کرنے کے مواقع بھی محدود ہوتے جارہے ہیں۔ جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا پلان عید کے بعد سامنے لاؤں گا۔