راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ”ن” یوتھ ونگ کے رہنما سعدقریشی نے کہا کہ تبدیلی سرکار اور اس کے حواری اپنی ناکامی چھپانے کے لئے ہمارے قائدین کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنا کر انہیں پابند سلاسل کر رہے ہیں،رانا ثناء اللہ کے خلاف کیس میں ان کی ضمانت نے انتقامی کارروائی کو بے نقاب کر دیا ہے ،مخالفین کو زچ کرنے کیلئے حکومت کے وفادار بوگس کارروائیوں کے کے ذریعے خود ”تبدیلی خان ” کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں، یوتھ ونگ کے نوجوان اپنے قائدین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ”ن” لیگ کا ہر اول دستہ ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کارکنا ن کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ”ن ” لیگ کے لیڈران و کارکنان گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ،ہم سازشی ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں اورنوجوان اپنے قائدین کی قیادت میں متحد ہیں۔سعد قریشی نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ کی طرح سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پربھی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں، ہم ان کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔اجلاس کے آخر میں حکومتی اقدامات کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ” ن ”لیگ کے قائدین و کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔