اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام بارے آرٹیکل 140 میں حکومتی ترامیم دیکھ کر حمایت یا مخالفت کا فیصلہ کرینگے، چیئرمین نیب کیلئے رانا بھگوان داس کا نام میرا ہی تجویز کردہ ہے۔ خورشید شاہ نے ذرائع سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ حکومت آرٹیکل 140 میں ترامیم کر کے کیا نیا بلدیاتی نظام لاتی ہے۔
انہیں دیکھ کر ترامیم کی منظوری کیلئے حمایت یا مخالفت کا فیصلہ کرینگے۔ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب پر وفاقی حکومت سو رہی ہے،اسے صوبوں کی مدد کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ صرف تین وزرا کی ڈیوٹی لگانے سے صورتحال پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔
وزیر اعظم نواز شریف کو ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی سیلاب میں خود باہر نکلنا چاہئے۔ چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیئرمین نیب کیلیے رانا بھگوان داس کا نام میرا ہی تجویز کردہ ہے۔ رانا بھگوان داس کی بطور چیئرمین نیب تقرری کیلیے آرڈیننس کا مسودہ پہلے ہی حکومت کو دے چکا ہوں۔
اگر حکومت کو اعتراض نہ ہو تو انہیں جلد تقرری کر دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور سے آج تفصیلی بات ہو گی اور امید ہے کہ یہ معاملہ احسن طریقے سے حل ہو جائے گا۔