وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) بدلتے ہوئے موسم کیساتھ شہر میں مونگ پھلی جیسی سوغات کی فروخت کے ٹھیلے لگنا شروع ہوگئے ہیں۔
مونگ پھلی موسم سرما کی اہم سوغات ہے اپنی افادیت اور کم قیمت ہونے کی وجہ سے ا دوسرے خشک میوہ جات سے مانگ میں آگے رہتی ہے۔شہر میں موسم سرماکی آمد کیساتھ ہی جگہ جگہ مونگ پھلی بھوننے کیلئے ہتھ ریڑھیوں پرچھوٹی بھٹیاں لگی نظر آرہی ہیں۔
خشک میوہ جات فروخت کرنے والے دکانداروں رئیس خان اور نستور خان نے بتایا کہ وہ مونگ پھلی، چلغوزے، پستہ، بادام گری، خشک خوبانی، انجیر، کشمش ، اخروٹ، ریوڑی، خشک ناریل وغیرہ فروخت کرتے ہیں مگرمونگ پھلی سب سے زیادہ فروخت ہوتی ہے تاہم غریبوں کیلئے بادام کا درجہ رکھنے والی مونگ پھلی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اسے غریب کی پہنچ سے دور کررہی ہیں۔
شہریوں لقمان بٹ، عاصم مقصود اور دیگر نے کہا کہ خشک میوہ جات کی آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے غریبوں کے پاس ایک مونگ پھلی کا ہی سہارا باقی رہ گیا تھا، جس کے استعمال سے وہ سرد موسم میں اپنے جسم میں حرارت پیدا کرسکتے تھے۔
لیکن اس سال اس کی مانگ بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے اور موسم سرما کی یہ سوغات 170 سے 200 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔