نگران سیٹ اپ ، ق لیگ کی قیادت آج صدر سے ملاقات کرے گی

PMLQ Meeting

PMLQ Meeting

صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ جدوجہد کرنے والے کارکن لاوار ث نہیں، انکے بچے ہیں اور وہ اپنے بچوں کا تحفظ کرنا خوب جانتے ہیں، جبکہ بلاول بھٹو کہتے ہیں وہ انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم خود چلائیں گے۔ نگران سیٹ اپ پر مسلم لیگ ق کی قیادت آج صدر زرداری سے لاہور میں ملاقات کرے گی۔

گورنر ہاؤس لاہور میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور گورنر کے تینوں بیٹے شریک تھے۔ گورنر نے صدر زرداری کو پنجاب کی صورتحال پر بریف کیا جبکہ گورنر کے تینوں بیٹوں نے بلاول بھٹو کی قیادت میں سیاسی ذمہ داریاں ادا کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

صدر پولیس کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر شوکت بسرا کی مزاج پرسی کے لئے سروسز ہسپتال بھی پہنچے۔ بلاول بھٹو اور پارٹی کی دیگر قیادت نے شوکت بسرا پر ہونے والے پولیس تشدد کی مذمت کی۔ صدر مملکت نے تو شوکت بسرا کا پیار سے منہ چوم لیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ جدوجہد کرنے والے کارکن ان کے بچے ہیں اور وہ لاوارث نہیں۔ صدر سے چیئرمین متروکہ وقف املاک آصف ہاشمی نے بھی ملاقات کی۔ صدرزرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اقلیتوں کے لئے وفاقی محکموں میں ملازمتوں کا پانچ فی صد کوٹہ اورسینٹ میں نمائندگی دینے سمیت ایسے اقدامات کئے ہیں جس سے انکو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ صدرمملکت نے گورنرہاؤس میں عباس آفریدی سے وفاقی وزیر کا حلف بھی لیا۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے بلاول ہاؤس میں فیصل آباد ڈویژن کے ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ٹکٹ میرٹ پر دیئے جائیں گے، وہ خود انتخابی مہم چلائیں گے اور پارٹی پہلے سے بھی شاندار نتائج دے گی۔ صدرمملکت سے منگل کے روز مسلم لیگ (ق) کا وفد بھی چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں ملاقات کر کے نگران سیٹ اپ کے لئے اپنی تجاویز دے گا جبکہ شجاعت حسین ڈاکٹر طاہر القادری سے ہونے والے مذاکرات پر بھی صدر کو اعتماد میں لیں گے۔