چارسدہ (جیوڈیسک) چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی حملے کے پانچ روز بعد آج دوبارہ کھل رہی ہے۔ یونیورسٹی میں شہدا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ہو گا جس میں شہید طلباء کے والدین اور یونیورسٹی ملازمین شرکت کریں گے۔
20 جنوری کو دہشت گردوں نے چارسدہ میں واقع باچا خان یونورسٹی پر حملہ کیا تھا جس میں 23 افراد شہید جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
حملے کے بعد یونیورسٹی کو بند کر دیا گیا تھا جو پانچ روز بعد آج دوبارہ کھل رہی ہے۔ یونیورسٹی میں شہداء کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس ہو گا، ریفرنس میں شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی جائیگی۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جائینگے۔ دوسری جانب ہولناک سانحہ کے باوجود یونیورسٹی کے طلبا کے حوصلے بلند ہیں جن کا کہنا ہے وہ علم کی روشنی سے خود کو منور کر کے مللک دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے اور ایک نئے عزم کے ساتھ دوبارہ یونیورسٹی جائینگے۔