چارسدہ (جیوڈیسک) چارسدہ کے علاقے ترنگزئی معروف خیل میں بچوں کی لڑائی پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ سے دو بچوں سمیت 4افراد جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی پولیس کے مطابق دو دن قبل فریقین کے بچوں کے درمیان 120 روپے کے قرض کے معاملے پر تکرار اور پھر لڑائی ہوئی تھی۔
جس پر دونوں گروپوں کے درمیان کشیدگی ہوئی اور آج دونوں اطراف کے بڑے بھی اس لڑائی میں کود پڑے اور ایک فریق نے دوسرے کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اس دوران مخالف فریق کی فائرنگ سے بھی ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ سے راہگیر سمیت دو خواتین اور ایک شخص زخمی بھی ہوا۔