پشاور (جیوڈیسک) چارسدہ میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا ہے، جس کے دوران فائرنگ سے ایک رضاکار زخمی ہوگیا ہے۔ چارسدہ میں گھر گھر جاکر پولیو مہم کے دوران چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں خواجہ واس تھانے کی حدود میں پولیو ٹیم پرفائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک رضاکار زخمی ہوگیا۔
زخمی رضاکارکو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چار سدہ منتقل کردیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے باوجود بھی پولہیو مہم جاری ہے اور اسے روکا نہیں گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت افغانستان اور نائجیریا سمیت دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس پایا جاتا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے عالمی ادارہ صحت کی حالیہ رپورٹ میں دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز میں سے 80 فیصد کا ذمے دار پاکستان کو قرار دیا گیا تھا۔