لاہور (جیوڈیسک) سانحہ چارسدہ کے بعد تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔
محمد اعظم چوہان ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور سیکرٹری سکولز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت تعلیمی اداروں کی سکیورٹی میں ناکام ہو چکی ہے ، آرمی پبلک سکول کے بعد سانحہ چارسدہ، سکیورٹی اقدامات پر سوالیہ نشان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دی گئی مانیٹرنگ ٹیمیں صرف کاغذی کارروائی کر رہی ہیں۔
طالب علم ملک کا مستقبل ہیں، ان کی جان و مال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے، عدالت تعلیمی اداروں میں سخت سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کرے۔