اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے وزیر داخلہ چودھری نثار کیخلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی۔ تحریک التواء میں وزیر داخلہ کے بیان کو عوام کو سیکورٹی فورسز کی توہین قرار دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما عمران لغاری کہتے ہیں چودھری نثار کا بیان شہداء کے ورثاء سے مذاق ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام طالبان کے ہاتھوں متاثر ہو رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے نازک ترین حالات مین طالبان کو کرکٹ کھیلنے کی پیش کش کی۔ چودھری نثار کا بیان پاکستانی عوام اور سیکورٹی فورسز کی توہین کے مترادف ہے۔
تحریک التواء عمران لغاری، عبدالستار باچانی، شازیہ مری، اعجاز جاکھرانی اور کمال خان چنگ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ عمران لغاری نے دنیا نیوز سے بات چیت کے دوران کہا کہ وزیر داخلہ کا بیان شہداء کے ورثاء کے ساتھ مذاق اور سیکورٹی فورسز کی حوصلہ شکنی کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان ہمارے لوگوں کو شہید کر رہے ہیں دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ ان سے کرکٹ کھیلنے کی باتیں کر رہے ہیں، آج کرکٹ کی باتیں ہو رہی ہیں کل طالبان کو کبڈی کی پیشکش کرینگے۔