حیدرآباد (جیوڈیسک) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کا پول کھول دیا ہے کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور بیرون ملک بھیجنے میں حکومت کا ہاتھ ہے۔
حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت خود کو پاکستان بچانے کا چیمپئین سمجھتی ہے اور آئین توڑنے والے کو چھپ کر بیرون ملک بھیج دیا، اسی لئے رضاربانی نے آئین سے آرٹیکل 6 کے خاتمے کی بات کی ہے، آرٹیکل 6 بنانے کا مقصد صرف یہ تھا کہ کسی آئین توڑنے والے کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا لیکن پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے کر ثابت کردیا کہ نواز شریف نے احسانوں کا بدلہ چکا دیا ۔ سپریم کورٹ نے بھی وفاقی حکومت کا پول کھول دیا ہے اور کہا ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور ان کو بیرون ملک بھیجنے کی ذمہ دار حکومت ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کبھی ہمارا دوست نہیں ہو سکتا، ہم نے دوستانہ ہاتھ بڑھانے کے لیے لاکھ کوششیں کی ہیں لیکن انہوں نے کوئی موقع نہیں جانے دیا کہ وہ پاکستان میں انتشار پیدا کریں چوہدی نثار چھوٹے چھوٹے اعتراف تو کرتے ہیں اب یہ بھی اعتراف کرلیں کہ وہ دہشت گردوں کے ہمدرد ہیں ۔ چوہدری نثار کہتے ہیں کہ ہم آرمی چیف سے دن کی روشنی میں ملے ہیں لیکن وہ ماضی میں جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی صاحب سے رات کے اندھیرے میں ملتے تھے لیکن موجودہ آرمی چیف جنرل صاحب ان سے دن میں ہی ملیں گے کیونکہ ان کو بھی اپنی ساکھ بہت پیاری ہے۔
مولا بخش کا کہنا تھا کہ عمر کوٹ میں ہونے والا جلسہ فنگشنل لیگ کا روحانی اجتماع تھا جس میں صرف گالیاں دی گئیں ۔ جلسے میں موجود قائدین کا کام صرف تنقید کرنا اور گالیاں دینا ہی ہے اگر کوئی سیاسی بات کی جاتی تو اس کا جواب بھی دیتے ۔ تنقید کرنے والے تھر جاکر دیکھیں جہاں میٹھے پانی کا تصور نہیں تھا وہاں پانی بھی موجود ہے اور کشادہ سڑکیں بن چکی ہیں۔
عمران خان کے بارے میں مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی شخصیت کے متعرف ہیں، وہ کرکٹ کے ہیرو ہیں لیکن سیاست بری چیز ہے، وہ سیاست کے ہیرو نہیں ۔ عمران خان کے پاس کرنے کےلئے کچھ بھی نہیں ہے، اب چوہے ہی رہ گئے ہیں وہ صرف چوہے ہی ماریں ۔ شاید عمران نے یہ کام بھی کسی انقلابی ملک کی روایت کو دیکھ کر شروع کیا ہے۔