اسلام آباد (جیوڈیسک) مذاکرات یا آپریشن حکومتی ذمہ داران نے سیاسی رہنماوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے رابطہ کے موقع پر امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے باور کرایا کہ نمائشی مشاورت یا اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا حکومت کو بتانا پڑے گا کہ نو ستمبر کے مینڈیٹ پر کہاں تک پیش رفت ہوئی۔
منور حسن نے کہا کہ حکومت سنجیدگی ظاہر کرے تو بیٹھنے کو تیار ہیں تاہم آپریشن کسی دباؤ کے تحت نہیں ہونا چاہیے موثر حل صرف ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے۔
چوہدری نثار علی خاں کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے سدباب کے لیے جو ممکنہ اقدامات ہوں گے کریں گے اور تمام فیصلے سیاسی قیادت کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔