رائے ونڈ (جیوڈیسک) ناراض وزیر داخلہ چوہدری نثار کی رائے ونڈ میں وزیر اعظم نواز شریف سے چوبیس گھنٹے میں دوسری ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری نثار کو اسلام آباد سے لاہور لانے میں کامیاب ہوگئے۔
رائے ونڈ میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے چودھری نثار کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شہباز بھی آئے۔ اس سے پہلے گذشتہ رات بھی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ چودھری نثار میں ملاقات ہوئی تھی۔
چودھری نثار گذشتہ کئی ہفتوں سے پارٹی قیادت سے ناراض ہیں۔ قومی اسمبلی میں بھی ان کی غیر حاضری کو شدت سے محسوس کیا گیا جبکہ ہم خیال اراکین اسمبلی سے ان کی ملاقاتوں نے قیادت میں تشویش پیدا کی۔
پنجاب ہائوس میں پارٹی کے 30 اراکین اسمبلی نے انہیں منانے کے لیے ملاقات بھی کی تھی بعد ازاں خواجہ سعد رفیق اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی چوہدری نثار سے ملے ۔ چوہدری نثار ماضی میں بھی پانچ دفعہ ناراض رہ چکے ہیں اور ہر بار وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف انہیں منانے میں کامیاب ہوتے رہے۔