فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پارٹی قیادت سے ناراض تھے لیکن وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اب ان کی ناراضگی ختم ہو گئی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ناراض ہونا پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے تاہم وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد چوہدری نثار کی ناراضگی ختم ہو گئی۔
اور وہ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور پر ہمیں ان سے زیادہ دکھ ہے جو مگرمچھ کے آنسو بہا کر لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا۔
کہ اگر شیخ رشید جمہوریت اور نظام سے اتنے ہی تنگ ہیں تو استعفی دے کر عوام کی جان چھوڑ دیں، شیخ رشید جیسے لوگوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے اور ایسے لوگوں کوجیلوں میں ہونا چاہیے۔
رمضان المبارک میں ملک کے بعض حصوں میں حکومتی اعلان کے باوجود سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے وزیرمملکت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث سحر و افطار میں بجلی کی 20 سے 25 فیصد لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔