کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی یقین دہانیوں کے باوجود کارکنوں کو حراست میں لینے کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا، اجلاس کے دوران ایم کیوایم کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ماورائے آئین اقدامات سے عوام کا آپریشن سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے، ایسے اقدامات کیوں ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ نے یقین دلایا تھا کہ کسی بھی بے گناہ کارکن کو گرفتار نہیں کیا جائے گا لیکن اس کے باوجود کارکنوں کو حراست میں لیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن متنازعہ نہیں ہے اور نہ ہی یہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف کیا جارہا ہے، آپریشن سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اجلاس میں فنکشنل لیگ کی رکن نصرت سحرعباسی نے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ پولیس مجرموں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے، تھانیداروں کے زیر نگرانی جرائم کے اڈے چل رہے ہیں، حکومت کیا کررہی ہے جس پر وزیر پارلیمانی امور سکندر میندھرو نے کہا کہ ایسا نہیں ہے پولیس کارروائی کررہی ہے اور قربانی بھی دے رہی ہے،نصرت سحر عباسی کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔