اسلام آباد (جیوڈیسک) چودھری نثار علی خان سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی، کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر درج مقدمے کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔
وزیر داخلہ چودھری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی میں امن و امان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بات کی گئی جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف درج مقدمے کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔ وزیر داخلہ نے فلپ بارٹن کو الطاف حسین پر مقدمہ دائر کرنے کی وجوہات اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت الطاف حسین کی رینجرز کو دھمکیوں کے ثبوت سکاٹ لینڈ یارڈ کو فراہم کر سکتی ہے اور الطاف حسین کی حوالگی سے متعلق انٹرپول کے ذریعے کارروائی سمیت تین نکات پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے رینجرز حکام کے خلاف تضحیک آمیز گفتگو اور قتل کی دھمکیوں پر الطاف حسین کے خلاف کراچی کے سول لائنز پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر رینجرز کے کرنل طاہر کی مدعیت میں درج کی گئی ہے جبکہ اس میں دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ سیون اے ٹی اے کا سب سیکشن ایچ این اورجان سے مارنے کی دھمکی کی دفعہ پانچ سو چھ بی بھی شامل کی گئی ہے۔