اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف سے پہلے والا رابطہ نہیں، ن لیگ سے رشتہ قائم رکھنا چاہتا ہوں، آئندہ ہفتے فیصلہ کروں گا کہ الیکشن کس پلیٹ فارم سے لڑنا ہے۔
چوہدری نثار علی خان کا سیاسی مستقبل کیا ہو گا، فیصلہ اگلے ہفتے متوقع ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے رشتہ اور ناطہ قائم رکھنا چاہتا ہوں۔ نون لیگ کو گھر کی لونڈی بنایا گیا تو شاید رشتہ نہ رہے۔ نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اب نواز شریف سے پہلے جیسا رابطہ نہیں، مسلم لیگ (ن) سے رشتہ قائم رکھنا چاہتا ہوں، نون لیگ کو گھر کی لونڈی بنایا گیا تو شاید رشتہ نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے ٹکٹ کا فیصلہ نون لیگ نے نہیں میں نے خود کرنا ہے ۔ کس پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا ہے اس کا فیصلہ بہت جلد کروں گا۔ چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد اداروں میں نرمی پیدا کرنا تھا۔ ابہام دور نہیں ہوا، خدشہ ہے شہباز شریف کو کام کا مینڈیٹ نہیں ملے گا۔
عمران خان سے دوستی اور سیاسی تعلق کے حوالے سے چوہدری نثارنے کہا کہ عمران خان سے میری ذاتی دوستی رہی ہے سیاسی تعلق نہیں رہا اور گزشتہ ساڑھے 3 سال سے عمران خان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔