اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملک بھر میں ڈھائی کروڑ خاندانوں کے شناختی كارڈز کی ازسرنو تصدیق كے روڈ میپ كی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں نادرا حکام کے ساتھ اجلاس کے دوران چیرمین نادرا نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روڈ میپ كے تحت نادرا کی جانب سے خاندان كے سربراہ كوایک ایس ایم ایس بھیجا جائے گا جس میں ان سے خاندان كے باقی افراد كے نام پوچھے جائیں گے جس سے ان كے فیملی ٹری كی تصدیق كی جائے گی جب کہ ایس ایم ایس میں یہ آپشن بھی دیا جائے گا كہ اگر خاندان كے سربراہ كوموصول ہونے والے ایس ایم ایس میں كوئی ایسا نام شامل ہوگا جو ان كی فیملی كاركن نہیں تو پھر وہ نادرا كو واپس “نہیں“ میں جواب دے سکیں گے۔
روڈ میپ کے پہلے مرحلے میں نادرا ان اضلاع میں یہ كام شروع كرے گا جن میں زیادہ تعداد میں جعلی شناختی كارڈز ہونے كی نشاندہی ہوگی جب کہ نادرا لوگوں كی سہولت كے لیے یومیہ 10 ہزار فون كالزاور 3 لاكھ ایس ایم ایس بھی وصول كرے گا، شناختی کارڈ کی تصدیق کے لیے نادرا پاكستانی ٹیلی كمیونیكیشن اتھارٹی كے پاس موجود 13 كروڑ سمز كے بائیو میٹرک ڈیٹا كوبھی استعمال كرے گا۔