اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے لفظ ” تماشا” واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے لفظ “تماشا” ایوان میں متعدد بار استعمال ہو چکا ہے، اپوزیشن ٹی اے ڈی اے بھی لے رہی ہے اور بائیکاٹ بھی کیا جا رہا ہے، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں حکومت اپنا مائنڈ سیٹ جمہوری بنائے۔
گزشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے میڈیا کے سامنے شکوؤں کا جواب وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے قومی اسمبلی میں آج جواب شکوہ کے طور پر دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا عوامی مسائل پر بحث کرنے کے بجائے ان کے ” لفظ” کو ایشو بنا لیا گیا ہے۔
چوہدری نثار نے کہا مطالبات کے پیچھے کچھ پارلیمانی روایات اور منطق ہوتی ہے۔ چوہدری نثار نے ایوان سے سوال کیا، کیا شیم کا لفظ پارلیمان کے لیے مناسب ہے؟ ایوان کے معاملات ایسے نہیں چلیں گے، اپوزیشن اپنے اندر حوصلہ پیدا کرے۔
وزیر داخلہ نے کہا عوام بائیکاٹ کرنے والوں کا ریکارڈ دیکھیں سب معلوم ہو جائے گا، ادھر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت اپنا مائنڈ سیٹ جمہوری بنائے، حکومت خود ایون چلانے کے لئے تیار نہیں۔ مسائل کے بوجھ تلے دبی عوام کیا جانے غیر پارلیمانی الفاظ کیا ہوتے ہیں۔