اسلام آباد (پ۔ر) پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال گذشتہ دنوں اپنے پاکستان میں قیام کے دوران نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آبادگئے جہاں انھوں نے یونیورسٹی کی لائبریری کے مختلف حصے دیکھے اورانچارج لائبریریز اور انفارمیشن سروسز کرنل ڈاکٹر قائم رضا جعفری سے ملاقات کی۔ چوہدری قمراقبال کو یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم اور اس کے لائبریری سسٹم کے بارے میں بتایاگیا۔ اس موقع پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سابق سربراہ برگیڈیئرریٹائرڈ ڈاکٹرمحمدخان اور پی ایچ ڈی ریسرچ سکالر اورسینئرصحافی سید سبطین شاہ بھی موجودتھے۔ چوہدری قمراقبال نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔ انھوں نے کہاکہ فوجی آفیسرز کے ساتھ ساتھ یہ یونیورسٹی سویلین سکالرز کی تعلیم وتربیت کا بھی انتظام کررہی ہے جو ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ چوہدری قمراقبال نے کہاکہ حکومت پاکستان کوچاہیے کہ پاکستان سے باہر ملک کے مفادات کے تحفظ اور پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ این ڈی یو جیسے ادارے اس سلسلے میں اہم کرداراداکرسکتے ہیں۔اووسیزپاکستانی پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور پاکستان کے امیج بہتربنانے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے بھی کارآمد پالیسی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے پاکستان یونین ناروے اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ نارویجن پاکستان ساٹھ اور ستر کی دہائی سے ناروے میں مقیم ہیں اور ان کی محنت اور لگن سے ناروے میں پاکستان کو بھی اچھے الفاظ میں یادکیاجاتاہے۔ہماری یونین ابتک نہ صرف نارویجن پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں رہی ہے بلکہ یونین نے ناروے اور پاکستان کے مابین تعلقات کو بہتربنانے میں بھی اہم کردار اداکیاہے۔ برگیڈیئرریٹائرڈ ڈاکٹرمحمدخان اور کرنل ڈاکٹر قائم رضا جعفری نے پاکستان یونین ناروے کی کوششوں کو سراہا۔کرنل ڈاکٹر قائم رضاجعفری نے این ڈی یو کی مین لائبریری کے مختلف حصے دکھاتے ہوئے چوہدری قمراقبال کو بتایاکہ یہ لائبریری پاکستان کے سابق وزیرخارجہ مرحوم صاحبزادہ یعقوب خان کے نام پر قائم ہے اور اس لائبریری میں ایک لاکھ کے قریب کتب ہیں جن سے اساتذہ، محققین اور طلباء استفادہ کرتے ہیں۔ نہ صرف اس ادارے کے افراد بلکہ دیگر تعلیمی اداروں سے بھی لوگ اپنی تعلیمی و تحقیقی تشنگی کو اس کتاب خانے سے دور کرتے ہیں۔سیاست سے لے کرمعاشیات اور آرٹ کے شعبہ جات پر بھی کتب موجود ہیں۔ انھوں نے کچھ نادر کتب اور اخباری ریکارڈ ز بھی دکھائے ۔ اس کے علاوہ کچھ کتب پاکستان میں مختلف ہنر اور سیاحت سے متعلق بھی کتب دکھائی گئیں۔ کرنل قائم رضا نے بتایاکہ پاکستان کی تاریخ، ادب اور سیاحت سے متعلق کتب کی نمائش باہر ملکوں میں بھی ہونی چاہیے جس سے پاکستان کے امیج کو بہتر بنایاجاسکتاہے۔اس دوران چوہدری قمراقبال نے بتایاکہ اوورسیزپاکستانیوں کی نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور ادب سے آشنا کروانابہت ضروری ہے تاکہ وہ اپنے آبائی وطن سے وابستہ رہیں ۔ واضح رہے کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد بنیادی طورپر فوج کا ایک اعلیٰ تعلیمی و تربیتی ادارہ ہے لیکن فوج کے ساتھ ساتھ یہ یونیورسٹی سویلین سکالرز کے لیے مختلف شعبہ جات میں گریجویشن سے پی ایچ ڈی تک تعلیم کا انتظام کرتی ہے۔یونیورسٹی کے بڑی لائبریری کا نام صاحبزادہ یعقوب خان لائبریری ہے۔ اس کتاب خانے میں فوج کی تاریخ، دفاع اور قومی سلامتی، نیوکلرسٹڈیز، دہشت گردی، مذہب، اقتصادیات، سیاسیات، بین الاقوامی تعلقات، پبلک پالیسی، گورننس، داخلی معاملات سمیت مختلف ایشوز پر ایک لاکھ کے قریب کتب او ر بڑی تعداد میں ریسرچ جرنلزاورتحقیقی مقالات موجود ہیں۔ان کتب اورجرائد کو جدیدڈیجیٹل سسٹم کے تحت رکھا گیاہے تاکہ محقین اور طلباء کو تلاش کرنے میں آسانی ہو۔اس موقع پرنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی آفیسرز مس میں چوہدری قمراقبال کے لیے ظہرانے کے اہتمام بھی کیا گیا تھا۔