اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان چیرمین نیب کے نام پر اتفاق ہو گیا۔ چودھری قمر زمان کو چیرمین نیب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں چیرمین نیب کیلئے سیکریٹری داخلہ چودھری قمر زمان کے نام پر اتفاق کر لیا گیا۔
چودھری قمر زمان کے نام پر وزیر اعظم اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے درمیان پہلی بار تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت اور اپوزیشن لیڈر کی فہرست میں چودھری قمر زمان کا نام شامل نہیں تھا۔ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان جسٹس میاں اجمل اور جسٹس چودھری اعجاز کے ناموں پر غور ہوا تھا۔ چودھری قمر زمان اس وقت سیکریٹری داخلہ کے عہدے پر فائض ہیں جبکہ سیکریٹری تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔