اسلام آباد (جیوڈیسک) چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ حکومت نے دھرنوں کے دوران پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری رکھا، بہتر ہوگا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف بھی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلالیا جائے، رحمان ملک کہتے ہیں سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزی کسی صورت برداشت نہیں، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے اسلام آباد میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
رحمان ملک نے چوہدری شجاعت کو سیاسی جرگے کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، چوہدری شجاعت نے کہا کہ دھرنوں کے حوالے سے سیاسی جرگے کی نیت صاف تھی، باہمی مشاورت کے بعد طاہر القادری نے دھرنے کو ختم کرکے جلسوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا، چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت نے دھرنوں کے دوران پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری رکھا، بہتر ہو گا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف بھی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ایک گھنٹے کیلئے بلا لیا جائے۔
رحمان ملک نے کہا کہ یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا تقاضا کرتا ہے، سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزی کسی صورت برداشت نہیں۔ چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ حکومت پانچ سال مکمل کرے گی یا نہیں کوئی پتہ نہیں لیکن مڈٹرم الیکشن ہوتے دکھائی نہیں دے رہے، رحمان ملک نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے گرفتار کارکن رہا کرے۔