اسلام آباد (جیوڈیسک) چوہدری شوگر مل ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی ضمانت قبل از گرفتاری 21 جولائی تک منظور کرلی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔
چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سپیشل جج سنٹرل ملک طاہر کی عدالت میں سماعت ہوئی ، ظفر حجازی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں لیکن صحت خراب ہونے کے باعث جیل کے ماحول میں نہیں رہ سکتا ، طبی بنیادوں پر ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔
عدالت نے ظفر حجازی کی 21 جولائی تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا ، مزید سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔