وزیرآباد (نامہ نگار) سستا رمضان بازار میں سٹال سج گئے، ایک روز میں تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے۔ حکومت کے ریلیف اقدامات سے شہری بھرپور استفادہ حاصل کریں گے، انتظامیہ۔ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح وزیرآباد میں بھی سستا بازار کا اہتمام کیا گیا ہے۔
جی ٹی روڈ پر نظام آباد ہائی سکول کے سامنے لگائے گئے بازار میںچینی، گھی، چکن، مٹن، بیف مشروبات، سبزیوں اور پھلوں کے علاوہ روزمرہ استعمال کی دیگر عام اشیاء فروخت ہوں گی۔رمضان المبارک کے سلسلہ میں لگائے گئے بازاروں میں موجود سٹالز پر عام مارکیٹ کی نسبت قیمتیں کم ہوں گی۔
قیمتیں کنٹرول میں رکھنے اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالہ کیلئے ٹی ایم اے انتظامیہ کے اہلکار ہمہ وقت کائونٹرز پر موجود رہیں گے جبکہ حکومتی ٹیمیں وقتاََ فوقتََا بازاروں کا دورہ کرکے قیمتوں اور اشیاء کے معیار کا جائزہ لیتی رہیں گی۔ سستا رمضان بازار میں میڈیکل ریلیف کائونٹر کے علاوہ گرمی کے اثرات سے بچائو کیلئے بجلی کے پنکھوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔