چناب نگر (جیوڈیسک) ٹیٹنس کے انجکشن نایاب ہو گئے، مہلک امراض پھیلنے کا خدشہ سر اٹھانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق چناب نگر اور گرد و نواح میں ٹیٹنس کے انجکشن کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
مریض اور ان کے لواحقین انجکشن کی تلاش میں میڈیکل سٹوروں کے چکر کاٹ کاٹ کر ہلکان ہو رہے ہیں لیکن اکثر سٹوروں پر انجکشن دستیاب ہی نہیں اور کسی سٹور پر مل بھی جائے تو سٹور مالک مریض کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتہائی مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔
مقامی ہسپتال کے ڈاکٹر نذیر نے بتایا کہ ٹیٹنس انجکشن کی عدم دستیابی کے باعث تشنج جیسا مہلک مرض پھیلنے کا خطرہ ہے، اعلیٰ حکام کو چاہیے کہ اس اہم مسئلے کے فوری حل پر توجہ دیتے ہوئے مارکیٹ میں ٹیٹنس کے انجکشن کی وافر مقدار میں سپلائی یقینی بنائیں۔