شگاگو کے شہیدوں کو سلامِ عقیدت

Laborers Day

Laborers Day

اس کے جسم پر میلے کچیلے، پھٹے پرانے کپڑے تھے، چہرہ حسرت و یاس کاایک نمونہ لگ رہاتھا اسے دیکھ کر یوں محسوس ہوتا جیسے اس نے زندگی میں کبھی کوئی خوشی نہیں دیکھی۔۔۔وہ ایک گھنٹے سے ڈیوڈ اینڈ ڈیوڈ انجیرٔ نگ نامی کارخانے کے مالک سے ملنے کیلئے کوشش کر رہا تھا اس کی چھوٹی بیٹی کافی دنوں سے بیمار تھی دوا کیلئے پھوٹی کوڑی بھی نہ تھی وہ مالک سے کچھ رقم مانگنے کی درخواست کرنا چاہتا تھا لیکن منیجر اس کی بات ہی نہیں مان رہا تھا وسیع و عریض دفتر میں ہنسنے اور نقرئی قہقہوں کی آوازیں اس کی کنپٹیوں پر مسلسل ہتھوڑے کی ضربوں کی مانند محسوس ہورہی تھی۔۔۔

اتنے میں دفترکا دروازہ کھلا کارخانے کامالک باہر جانے کیلئے نکلا عقب میں ایک حسین فتنہ بھی موجود تھا۔۔۔ وہ لپک کرآگے بڑھا اس کے سامنے جا کر ہاتھ جوڑ کر کچھ کہنے ہی لگا تھا کہ مالک داڑھا۔۔ ایڈیٹ۔۔ تمہاری جرأ ت کیسے ہوئی میرے منہ لگنے گی۔۔ سر۔۔۔مزدور نے پھر کچھ کہنا چاہا ۔۔ لیکن اسی اثناء میں منیجرنے آگے بڑھ کر اسے دھکا دیا وہ لڑھک کر دور جاگرا اور مالک حسینہ کی باہوں میں باہیں ڈالے کار میں بیٹھ کر یہ جاوہ جا
کیپ ٹائون کی ایک فیکٹری میں کئی مرد وزن مشینی اندازمیں کام کر رہے تھے۔۔

اس دوران کبھی بھی باتیں بھی کرتے فیکٹری میں اجرت کا کوئی باقاعدہ انتظام تھا نہ ڈیوٹی کے اوقات مقرر تھے رات دن کی تمیز بھی نہیں تھی اکثروبیشترانہیں12 گھنٹے کام کرناپڑتا مالک اور ٹھیکیدار پھر بھی ناراض رہتے چھٹی کا تو تصور ہی نہیں تھابیماری کے دوران بھی کام کرنے کے بغیرکوئی چارہ نہ تھا کسی وجہ سے چھٹی کرنے پر اگلے دو روز کام جرمانے کے طورپر کرنا پڑتا کسی مزدور سے کوئی رعائت محال تھی آج مالکان نے اجرت دینے کا وعدہ کیا تھا اس لئے سب مزدور جوش و خروش سے کام کررہے تھے لیکن اکثریت سوچوںمیں غرق۔ ایک عورت شدید بخارکے عالم میں بھی سامان پیک کررہی تھی ایک مزدور سامان اٹھا اٹھا کر لارہاتھا اس کا پائوں دردسے سوجا ہوا تھا ایک اور مزدورکمر دردسے بے حال تھا پھربھی پیسے ملنے کی آس میں کام کئے جارہا تھا وہ سب فکرمند تھے ایک ہفتہ قبل بھی اجرت دینے کا وعدہ کرکے14گھنٹے کام لیا گیا پھر ٹال دیا گیا۔۔

1844ء تک پوری دنیا میں ایسے واقعات روزکا معمول تھے سرمایہ دار مزدوروں کو اجرت کم اور کام زیادہ لیتے تھے ان کی کوئی عزت ِ نفس نہ تھی پھر آہستہ آہستہ مزدوروں کو حالات کی سنگینی کااحساس ہوا انہوں نے اپنے آپ کو منظم کرنا شروع کیا اور اجتماعی قوت سے اپنے مسائل حل کرنے کا فیصلہ کیا 1862 ء تک امریکہ میں کم وبیش 20 سے زائد مزدور تنظیمیں وجود میں آگئیں تھیں جنہوں نے مشترکہ لائحہ ٔ عمل کیلئے آپس میں مشاورت کا آغاز کیا 20 اگست 1886ء کو 77 مزدور تنظیموں نے ”نیشنل یونین آف لیبر”کے نام سے ایک اتحاد قائم کیا جس نے اپنے یوم ِ تاسیس پر ایک نکاتی چارٹرآف ڈیمانڈ کااعلان کرتے ہوئے دنیا میں پہلی بار مزدوروں کیلئے اوقات کار کا تعین کا مطالبہ کیا ان کا کہنا تھا۔۔

ہم دن رات کے ایک تہائی وقت یعنی آٹھ گھنٹے کام کریں گے کیونکہ کام کی زیادتی کے باعث ہر سال سینکڑوں مزدور ہلاک ہو جاتے ہیں سرمایہ داروں نے یہ مطالبہ تسلیم کرنے کی بجائے انتفامی کارروائیاں تیز کر دیں آخر کار یکم مئی 1886ء کو مزدوررہنمائوں نے پہلی مرتبہ ہڑتال کی کال دی جس کو ناکام بنانے کیلئے مزدوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس پردو دن بعد پھر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔۔

Laborers Protest

Laborers Protest

امریکی شہر شگاگو۔۔ کو 3 مئی 1886ء میں مزدوروں نے اپنے مطالبات تسلیم کروانے کیلئے مکمل ہڑتال کااعلان کیاشہر ومضافات کی تمام چھوٹی بڑی فیکٹریاں اور کار خانے بند تھے سینکڑوں مزدوروںنے اپنے حقوق کیلئے ایک بڑا جلسہ کیا پولیس نے اس جلسہ کو ناکام بنانے کیلئے طاقت کا بلا جواز اور بے دریغ استعمال کرتے ہوئے نہتے مزدوروں پرفائرنگ کر دی 5 مزدور موقع پر ہی دم توڑ گئے متعدد زخمی ہوئے سرمایہ داروںکے ایماء پر ڈاکٹروںنے ان زخمیوں کا علاچ کرنے سے انکارکردیا اس المناک واقعہ سے اگلے روز4مئی کو مزدوروںنے اپنے ساتھیوں کی تدفین کے موقعہ پرمارکیٹ چوک شگاگومیں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جس نے اختتام پر جلسہ کی شکل اختیار کرلی مقررین3مئی کو ہلاک ہونے والوں کو پر امن طریقے سے زبردست اندازمیں خراج ِ تحسین پیش کر رہے تھے کہ ایک پولیس انسپکٹر کیپٹن بون پونے دوسو سے رائد سپاہیوں کو لے کرجلسہ گاہ میں داخل ہوااس نے نادر شاہی اندازسے جلسہ ختم کرنے کا حکم دیا۔۔

اس وقت آخری مقرر سیموئیول فلیڈن تقریر کررہے تھے اسی دوران جلسہ گاہ میں ایک دھماکہ ہوا جس میں چند پولیس اہلکار مارے گئے پو لیس انسپکٹر کیپٹن بون نے طیش میں آکرمزدوروںپر گولی چلانے کا حکم دیدیا تھوڑی دیر بعدجلسہ گاہ مقتل کا منظر پیش کررہا تھاپولیس کی بے ہنگم فائرنگ سے ایک عورت، ایک بچے سمیت11مزدور ہلاک ہوگئے ایک مزدور نے اپنی قمیص سیموئیول فلیڈن کے خون سے تر کرکے ہوا میں لہراتے ہوئے اعلان کیا کہ آج سے یہ سرخ پرچم دنیا بھر کے مزدوروںکی جدوجہدکی علامت ہوگا۔۔اس کا کہا واقعی سچ ثابت ہواسرخ پرچم مزدوروںکی انقلابی مزاحمت کا نشان بن گیا۔

اس واقعہ کے بعد متعدد مزدور رہنمائوں کو گرفتار کر لیا گیا ان پردہشت گردی کے مقدمات قائم کردئیے گئے عدالت نے بھی جانبداری کی انتہا کردی مزدوروںکو تشددپر اکسانے،شگاگو کا امن تباہ کرنے اور پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں 4 چوٹی کے مزدور رہنمائوں اے ڈی فشر، اسپائز،اینجل اوررابرٹ پرنسز کو پھانسی جبکہ تین کو عمر قیدبا مشقت کی سزا سنائی گئی یکم مئی 1887ء کوسب سے پہلے اے ڈی فشرکو پھانسی دی گئی جب اسے پھانسی گھاٹ لیجایا جارہاتھا اس نے استقامت سے جو الفاظ کہے وہ تاریخ بن گئے اس نے کہا” غریبوں کی آواز کوبلند ہونے سے روکا گیا توان کی تلواریں بلندہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔مزدور رہنما اینجل کوجب سولی پرلٹکایاجانے لگا اس نے واشگاف الفاظ میں چیخ چیخ کرکہا” تم لوگ ہمیں قتل کرسکتے ہو لیکن اب اس تحریک کو نہیں دبایا جا سکتا”۔۔۔رابرٹ پرنسز نے تو پھانسی کے پھندے کو چوم لیا اس کا کہنا تھا”تم اس آواز کو بندکرنے پر قادرہو لیکن وہ دن دور نہیں جب یہ خاموشی آوازسے زیادہ طاقتور بن جائے گی”۔۔۔مزدوررہنما اسپائزکو جب تختہ دارپر لٹکایا جانے لگااس کے الفاظ تھے” ہمیں اس پھانسی کا کوئی ملال نہیںخوشی اس بات کی ہے کہ ہم ایک اچھے مقصدکیلئے جان دے رہے ہیں” ان کا کہا حرف بہ حرف سچ ثابت ہواان کی قربانیاں آج محنت کشوںکے ماتھے کا جھومرہیں جس کی وجہ سے مزدوروںکومعاشی استحکام حاصل ہوا126سال گذرنے کے باوجودان کی قربانیاں آج بھی تروتازہ ہیں یہ اے ڈی فشر، اسپائز،اینجل اوررابرٹ پرنسز کی جدوجہدکا ثمرہے کہ مزدوروں کی ڈیوٹی کے اوقات کار طے کئے گئے ان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کرلیا گیا بلاشبہ شگاگو کے شہیدوں کی جدوجہد انسانی تاریخ کا درخشندہ باب ہے یکم مئی دراصل بنیادی انسانی حقوق اور محنت کی عظمت پر یقین رکھنے والوں کادن ہے اسی لئے دنیا بھرمیں شگاگو شہیدوںکی قربانیوںکو خراج ِ تحسین پیش کیا جاتاہے جنہوںنے مزدور حقوق کی جنگ میں ایک نئی روح پھونک دی۔۔۔ لیکن جب ہم آج کے حالات پر غورکرتے ہیں تو محسوس یوں ہوتاہے جیسے شگاگو کے شہیدوں کی قربانیاں ضائع ہوگئی ہوںآج دنیا بھر میں یکم مئی جوش و خروش سے منایا جاتاہے ،بڑے بڑے ہوٹلوں،ایڈیٹوریم ،یخ بستہ ہالوں میںمذاکرے،بحث و مباحثہ ،تقریریں اور بلندبانگ دعوے کئے جاتے ہیں اس کے برعکس سینکڑوں ہزاروں شخص مزدوروںکے حقوق کی بات کرکے سرمایہ داروں سے مک مکا کرلیتے ہیں آج بھی ہر سطح پر مزدوروںکااستحصال جاری ہے ،کہیں مزدور یونینوں کے نام پر عہدیدار ،انکے عزیز واقارب اور ملنے جلنے والے اپنے ہی اداروں میں ڈیوٹی کرنا اپنی شان کے خلاف بات سمجھتے ہیں آجراس کے خلاف ایکشن لینے کا ارادہ کرے تو ان کا سب سے بڑا ہتھیارہڑتال کی دھمکی ہوتاہے اسی طرح زیادہ تر اداروں میں پاکٹ یونین ک اقیام عمل میں لایا جاتا ہے جو مالکان کی ملی بھگت سے صرف اپنے لئے آسودگیاں خریدتے رہتے ہیں۔۔

عام مزدور کے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔۔۔اسی طرح حکومت کے کرتا دھرتا اپنے مخصوص مفادات کیلئے ۔۔منافع بخش سرکاری اداروں کو پرائیویٹ سیکٹرکو فروخت کردیتے ہیں یا انہی اداروںمیں مختلف حیلوں بہانوںسے مزدوروںکی چھانٹی کی جاتی ہے۔۔۔کئی صنعتی اداروں میں وقت پر تنخواہ نہیں دی جاتی یہ سب استحصال کی مختلف شکلیں ہیں طبقاتی نظام میں آج بھی محنت کشوں کوبہت سے مسائل کا سامناہے جن میں بھوک،افلاس، غربت، بیروزگاری، مہنگائی، بیماری اور جہالت سرفہرست ہیں جس کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔۔۔ہم مسلمان ہونے کے باوجود شگاگو کے شہیدوں کو خراج ِ تحسین پیش کرنے کیلئے یکم مئی اس لئے مناتے ہیں کہ انہوں نے دنیا بھرکے انسانوں کو ظلم سے بچانے کیلئے اپنی جانوں کا نذزانہ پیش کیا بلاشبہ ان کا انسانیت پر بڑااحسان ہے ان کی قربانیوں کے اثرات ہررنگ، نسل، مذہب، زبان اور ملک پر مرتب ہوئے ہم سب پر شگاگو کے شہیدوں کا لہو قرض ہے آئیے!انسانیت پر احسان کرنے والے شگاگو کے مطلوموں کو عقیدت سے سلام پیش کریں۔

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر: ایم سرور صدیقی