اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے حکومت کو مزید وقت دینے سے انکار کر دیا۔ جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
اس موقع پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے موقف اختیار کیا کہ اپوزیشن لیڈر ملک سے باہر ہیں جبکہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے مخلص ہے اور چاہتی ہے کہ اس عہدے کے لئے تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے قائم کیا جاسکے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے مزید وقت دیا جائے جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
اس موقع پرجسٹس گزار نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے پاس اس حوالے سے کوئی ریکارڈ ہوگا وہ عدالت میں پیش کردیں اگر چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تقرری نہ کی گئی تو وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈرکو نوٹسز جاری کریں گے۔ عدالت نے قراردیا کہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنرجسٹس انور ظہیر جمالی اضافی خدمات پیش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے انتظامی حکم جاری کریں گے۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعد یکم دسمبر تک کے لئے سماعت ملتوی کردی۔