اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاق نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرری کے لیے سپریم کورٹ سے دو ہفتوں کا وقت مانگ لیا۔ جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں مزید وقت نہیں دیا جا سکتا۔ انیس مارچ تک چیف الیکشن کمشنر کو تعینات نہ کیا گیا تو عدالت مناسب حکم سنائے گی۔
مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اٹارنی جنرل کی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق حکومت سے بات ہوئی ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ دو ہفتوں کا وقت دیا جائے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کر دیا جائے گا۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ حکومت کو انیس فروری کو ایک ماہ کا وقت دیا تھا مزید وقت نہیں دینگے۔
مستقل چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ ہوا تو مناسب حکم سنائیں گے۔ مقدمے کی سماعت بیس مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔