چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کل ہوگی

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر تقرری کیس کی سماعت کل بروز پیر کو ہو گی ، عدالت عظمیٰ احکامات کے باوجود چیف الیکشن کمشنر کی تقرری نہ ہونے پر وزیر اعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو نوٹس جاری کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر غور کریگی۔

چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل تین رکنی بینچ مقدمہ کی سماعت کر یگا ، عدالت نے گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے مزید مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری آئینی تقاضا ہے۔

عدالت کے احکامات کے باوجود تقرری نہ ہونے پر پر وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کو نوٹس جاری کرنے کے معاملہ پر آئندہ سماعت یکم دسمبر کو غور کیا جائے گا۔

جبکہ اسی روز چیف جسٹس ناصر الملک نے انتظامی حکم کے ذریعے جسٹس انور ظہیر جمالی کی بطور قائم مقام چیف الیکشن کمیشنر نامزدگی واپس لے لی تھی ، چیف جسٹس کی جانب سے جاری انتظامی حکم کا اطلاق پانچ دسمبر سے ہو گا۔