اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے شارٹ لسٹ کئے گئے تینوں ناموں کو قابل احترام قرار دیا ہے۔
تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے فائنل کئے گئے تین ناموں سے آگاہ کیا ہے اور تینوں شخصیات تحریک انصاف کے لئے قابل احترام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعیناتی کے لئے تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی مشاورت ضروری ہے اور اسی طرح الیکشن کمیشن ارکان کی آزادانہ تقرری بھی ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تقرری کے لئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے جسٹس (ر) طارق پرویز، جسٹس (ر) سردار محمد رضا اور جسٹس (ر) تنویر احمد خان کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔