چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے استعفی دے دیا

Fakhruddin

Fakhruddin

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفی صدر مملکت کو بجھوا دیا۔ اسلام آباد چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کئی روز سے مستعفی ہونے کے لئے اپنے دوست احباب اور الیکشن کمیشن کے حکام سے مشاورت کر رہے تھے جس کے بعد اب انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ حکام الیکشن کمیشن نے فخر الدین جی ابراہیم کے استعفے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ان کا استعفی باضابطہ طور پر ایوان صدر کو بھی موصول ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم صدارتی انتخاب کی تاریخ میں تبدیلی پر پیدا ہونے والے تنازع کے باعث ان پر تنقید میں شدت آ گئی تھی۔ دو صفحات پر مشتمل استعفے میں جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم نے لکھا ہے وہ چیف الیکشن کمشنر نہیں بننا چاہتے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ کے اصرار پر عہدہ قبول کیا۔

بطور چیف الیکشن کمشنر انہوں نے دھمکیوں کے باوجود جمہوری نظام کیخلاف سازشیں کرنے والی قوتوں کا مقابلہ کیا۔ جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے مزید لکھا ہے کہ ان کی رائے میں نئی پارلیمنٹ کو اتفاق رائے سے نیا چیف الیکشن کمشنر لانا چاہیے تاکہ اگلے انتخابات کی تیاری کے لئے خاطر خواہ وقت مل سکے۔