اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان جسٹس (ر) طاہر علی شاہ کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما غلام سرور خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں وفاق، چیرمین گلگت بلتستان کونسل اور وزارت آزاد کشمیر وشمالی علاقہ جات کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسٹس (ر) طاہر علی شاہ کے مسلم لیگ (ن) سے گہرے روابط ہیں اور سیاسی وابستگی رکھنے والا کوئی شخص اس عہدے پر تعینات نہیں ہو سکتا اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ ان کی تقرری کالعدم قرار دی جائے، عدالت میں درخواست کے ساتھ ثبوت کے طور پر تصاویر اور دیگر شواہد بھی جمع کرائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر) طاہر علی شاہ کو گزشتہ ماہ وزیر اعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان مقرر کیا گیا تھا۔