چیف الیکشن کمشنر کے لئے 3 نام شارٹ لسٹ، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے 3 نام شارٹ لسٹ کرلئے ہیں جن پر غور کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی، جس میں چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تقرری کے لئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران دونوں شخصیات نے جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا، جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان اور جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز نے نام شارٹ لسٹ کئے، ان ناموں پر اتفاق کے لئے دونوں رہنماؤں نے فاروق ستار، شاہ محمود قریشی، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ، عبدالغفور حیدری، سراج الحق اور اعجازالحق سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں ان ناموں سے متعلق آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت تھی پارلیمانی کمیٹی کو2لسٹیں نہ بھیجی جائیں، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت ہوئی ہے، تینوں نام آج اسپیکرق ومی اسمبلی کوبھیج دیئےجائیں گے، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کریں گے اور سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں 5 دسمبر تک یہ کام مکمل کرلیں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پہلے والے ناموں پرچند سیاسی جماعتوں کو اعتراض تھا جس کے بعد ہم نے دیگر ناموں پر غور کیا اور ان تینوں شخصیات کے نام پیش کئے۔ کسی بھی جماعت نے ان تینوں ناموں پر کوئی اعتراض نہیں کیا اور امید ہے کہ کل شام تک الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ حل ہوجائے گا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے حتمی نام کی منظوری کے لئے 4 سینیٹرز اور 8 ارکان قومی اسمبلی پر مشتمل 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے جس کی سربراہی مسلم لیگ (ن) رفیق رجوانہ کررہے ہیں کمیٹی میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شہریار آفریدی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو اس آئینی عہدے پر 5 دسمبر تک تقرری کی یقین دہانی کرارکھی ہے۔