چیف الیکشن کمشنر کے بعد سیکریٹری الیکشن کمیشن کا عہدہ بھی خالی، تاحال تقرری نہ ہوسکی

Ishtiaq Ahmed

Ishtiaq Ahmed

اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکریٹری الیکشن کمیشن کی مدت ملازمت آج مکمل ہو جائے گی لیکن عہدے کے لیے تاحال کسی کا تقرر نہیں ہو سکا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کی ملازمت میں توسیع کی مدت آج ختم ہونے کے بعد وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے، اشتیاق احمد کو مدت ملازمت میں دو بار توسیع دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے تاحال نئے سیکریٹری کے لیے کسی کا نام سامنے نہیں آسکا ہے ذرائع کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے 3 نام مانگے تھے لیکن اشتیاق احمد کی ریٹائرمنٹ پر بھی عہدے کے لیے کوئی نام نہیں دیا گیا ہے جبکہ سیکریٹری کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کمشنرز کی مدت ملازمت بھی آج ختم ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے ملک میں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ بھی خالی ہے جس کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں تاحال کسی ایک نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے جبکہ سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کو 13 نومبر تک چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا حکم دیا گیا ہے۔