چیف جسٹس نے ای اوبی آئی سکینڈل کیس نمٹانے کی درخواست مسترد کر دی

Tassaduq Hussain Jilani

Tassaduq Hussain Jilani

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے ای اوبی آئی سکینڈل کیس نمٹانے کی درخواست مسترد کر دی،چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ جب تک ملزمان کے خلاف چالان پیش نہیں ہوتے کیس زیر التواء رہے گا۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ای اوبی آئی سکینڈل کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے کیس نمٹانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کے خلاف چالان پیش ہونے تک کیس زیر التواء رہے گا۔چیف جسٹس نے ملزمان کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم سپریم کورٹ نے نہیں دیا تھا۔ایسا حکم جو سپریم کورٹ نے دیا ہی نہیں وہ واپس کیسے لیا جائے۔

ای او بی آئی کے وکیل ایس اے رحمان نے عدالت کو بتایا کہ جائیداد کی نیلامی کا سلسلہ جنوری میں ہو گا۔ایف آئی اے نے کیس کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی۔ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں کے خلاف چالان جلد متعلقہ عدالتوں میں پیش کر دیئے جائیں گے۔سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے مقدمات کے زیر التواء کی درخواستوں پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سالوں سے زیرا لتواء مقدمات میں اب مزید التواء نہیں دیا جائے گا۔