اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس سے پہلے حکمران کہتے تھے یہ سب اپوزیشن کے الزامات ہیں، لیکن ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ وزیر اعظم کو اپنے اوپر لگائے الزامات کا جواب دینا پڑ رہا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری، کرپشن اور اثاثوں کا اعلان نہ کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ چیف جسٹس سے انکوائری کرائی جائے اور سب کا احتساب ہونا چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بحیثیت کرکٹر دنیا بھر سے پیسہ کمایا لیکن ان کی تمام دولت پاکستان میں ہے، ان کا بیرون ملک کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی سے زیادہ کرپشن کے ہاتھوں لوگ مارے جاتے ہیں، 35 فیصد سے زائد بچے خوراک نہ ملنے کی وجہ سے ہر سال زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
لندن کی میئرشپ کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ زیک گولڈ سمتھ کو انہوں نے سیاست میں آنے کی ترغیب دلائی، وہ اچھے میئر ثابت ہوں گے۔