چیف جسٹس کو خود انصاف ملا تو مجھے بھول گئے، مختاراں مائی

 Mukhtaran Maee

Mukhtaran Maee

ملتان/ واشنگٹن (جیوڈیسک) خواتین کی تعلیم اور ان کے حقوق کی سرگرم کارکن مختاراں مائی نے کہا ہے کہ بھارت ہو یا پاکستان، تھانہ کلچر دراصل وڈیرہ کلچر ہے۔

بھارت کی ریاست بنگال میں لڑکی کے ساتھ پنچایت کے فیصلے کے تحت اجتماعی زیادتی کی خبر سن کر اپنے زخم تازہ ہو گئے، مجھے انصاف ملا نہ بھارتی لڑکی کو انصاف ملے گا۔ ایک انٹرویو کے دوران مختاراں مائی نے عدالتی کارروائی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس مجھے کہا کرتے تھے بیٹا میں بھی انصاف کے لئے سڑکوں پر ہوں، آپ بھی سڑکوں پر ہو، انشا اللہ مجھے بھی انصاف ملے گا آپ کو بھی انصاف ملے گا، جب خود ان کو انصاف مل گیا تووہ غریب مختاراں بھول گئے۔

مختاراں مائی نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ 12 سال گزر گئے جب سے ان کے ساتھ یہ وحشت ناک واقعہ پیش آیا وہ آج تک اپنی نیند نہیں سو سکی ہیں اور انھیں سونے کیلیے نیند کی گولیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ آج بھی گھر والوں سے چھپ کر گھنٹوں روتی رہتی ہیں۔