اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کی۔
قائم مقام آئی جی بریگیڈئر خالد سلیم ایف سی عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنا آپ کی ڈیوٹی کا حصہ ہے آپ کی وردی تحفظ کی علامت ہونی چاہیے لیکن بدقسمتی ہے لوگ آپ پر اغوا کا الزام لگا رہے ہیں۔
ایف سی ریاستی ادارہ ہے اور ریاست انصاف کی علامت ہے۔ سچ بولیں گے تو آپ کو وکیل کی بھی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ بریگیڈیئر خالد سلیم نے عدالت سے کہا یہ تاثر ختم کیا جائے کہ ایف سی لوگوں کو لاپتہ کرتی ہے۔
اس سے پہلے ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے قائم مقام آئی جی ایف سی کا نوٹی فکیشن عدالت میں جمع کرایا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی ایف سی ابھی تک بیماری کی رخصت پر ہیں ان کی بیماری کا علم نہیں۔