کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مقبول باقر کو سپریم کورٹ کا جج جبکہ جسٹس فیصل عرب کو سندھ ہائیکورٹ کاچیف جسٹس مقرر کیے جانے کاامکان ہے۔
جسٹس فیصل عرب کے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ بن جانے سے پرویز مشرف غداری کیس متاثر نہیں ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والی نشست پر سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقبول باقر کو لانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور امکان ہے کہ عیدالفطر کے فوری بعدیہ معاملہ مزید غور کے لیے جوڈیشل کمشن کے سامنے رکھاجائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ جسٹس مقبول باقر کے سپریم کورٹ کے جج مقرر ہونے کی صورت میں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کاعہدہ خالی ہو جائے گااس لیے اس عہدے پر سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج اور سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمے میں ٹرائل کے لیے قائم سپیشل کورٹ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب کو مقرر کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں نامزدگیوں کاحتمی فیصلہ ہونے کے بعد معاملہ عیدالفطر کے بعد جوڈیشل کمشن میں زیر غور لایاجائے گا۔