وزیر اعلیٰ بلوچستان کی گوادر آمد متوقع، دھرنا آج ختم ہونے کا امکان

Protest

Protest

بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) گوادر میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری ماہی گیروں کے دھرنے کے حوالے سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور مولانا ہدایت الرحمان کی بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی آج دھر نے کے مقام پر آمد متوقع ہے جس کے پیش نظر دھرنا ختم ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو آج شام 5 بجے دھرنا گاہ پہنچیں گے جس کے بعد دھرنے کے خاتمے کا اعلان کیا جائے گا۔

میر عبدالقدوس بزنجو کے دورہ گوادر میں صوبائی وزرا سید احسان شاہ، میر ظہور احمد بلیدی اور اکبراسکانی بھی ان کے ہمراہ موجود ہوں گے۔

گوادر میں وزیر اعلیٰ کی نامزد حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور ’حق دو گوادر کو‘ تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کے درمیان بات چیت کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا ہے۔

منگل کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے’حق دو گوادر کو‘ تحریک کے طویل احتجاجی دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے 2 وفاقی وزرا اسد عمر اور زبیدہ جلال کو گوادر جانے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ گوادر تحریک کے شرکاء سمندر میں غیرقانونی ٹرالنگ روکنے، مکران میں چیک پوسٹوں کے خاتمے اور گوادر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں۔