وزیر اعلیٰ نے فیصل آباد کو وافر فنڈز مہیا کر دئیے ‘ عبدالمنان

Abdul Manan

Abdul Manan

فیصل آباد (جیوڈیسک) شہر میں اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں فیصل آباد میں پہلی بار کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ تیزی اور نفاست سے سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام مکمل ہو سکے۔ یہ بات ایم این اے میاں عبدالمنان نے ستیانہ روڈ سے پہاڑی والا چوک تک زیر تعمیر دو رویہ سڑک کی تعمیراتی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈی سی او نورالامین مینگل اور چیف انجینئر ایف ڈی اے محمد خالد بھی موجود تھے ۔ایم این اے میاں عبدالمنان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے خاطر خواہ فنڈز فراہم کئے ہیں جن کو بروئے کار لا کر سڑکوں سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہر کا ترقیاتی حسن دوبالا ہو گا۔

انہوں نے تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے سلسلے میں ڈی سی او نور الامین مینگل کی انتظامی حکمت عملی کو سراہااور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل سے ہی عوام تک ان کے ثمرات جلد پہنچائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اندرون شہر ٹوٹ پھوٹ کا شکار بعض سڑکوں کو بھی ترجیحات میں رکھا جائے۔